14 اکتوبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نمائندے نے شام میں امن واستحکام کی برقراری اور بحران کے خاتمے کو قومی مصالحت کے ذریعہ حل کرنے پر زور دیا ہے –

ابنا: صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اخضر ابراہیمی سے کل رات ہونیوالی ملاقات میں شام میں قومی مصالحت کی برقراری کو بحران کے خاتمے کےلئے ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ اپنے حکمرانوں کے انتخاب کا حق ،انصاف اور آزادی ،سبھی اقوام کا مسلمہ حق ہے اور کسی کواس بات کی اجازت نہیں کہ ان سے یہ حقوق چھین لے –ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ شام میں کشیدگی ، پورے خطے میں بدامنی کا باعث بن سکتاہے اور اس ملک کے قبائلی ڈھانچے کے پیش نظر اگر اس کی تقسیم کی کوشش کی گئی تو کئی دہائیوں تک بدامنی جاری رہے گی – انہوں نے شام میں امن کی برقراری اور آزادانہ انتخابات کرانے کےلئے جناب اخضر ابراہیمی کی کوششوں کے بارآورثابت ہونے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام میں امن کی برقراری کےلئے کسی بھی تعاون سے گریز نہیں کرے گا –اس ملاقات میں شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نمائندے اخضر ابراہیمی نے بھی شام کے مسئلے کے بارے میں ہونیوالے اقدامات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بحران کے خاتمے کےلئے اسلامی جمہوریہ ایران سے تعاون کی اپیل کی –اخضر ابراہیمی نے اس ملاقات سے قبل ایران کے وزیر خارجہ جناب علی اکبر صالحی اور نائب وزیر خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں -

.....

/169